واشنگٹن:(ویب ڈیسک) جاپان کی کیمرا ساز کمپنی نیکون اور امریکی خلائی ادارے ناسا نےخلائی مشن کیلئے آئینے کے بغیر (مِرر لیس) کیمرا بنانے کا اعلان کر دیا۔
ناسا کا کہنا ہے کہ آئینے کے بغیر کیمرے کو استعمال کرتے ہوئے خلاء نورد آئندہ بھیجے جانے والے آرٹیمس تھری مشن کے چاند پر اترنے کو عکس بند کر سکیں گے۔
امریکی خلائی کمپنی کی جانب سے کیے جانے والے اعلان میں بتایا گیا کہ ادارے کا کمپنی کے ساتھ ہاتھ میں تھامے جانے والے یونیورسرل لونر کیمرا (ایچ یو ایل سی) بنانے کا ایک سپیس ایکٹ معاہدہ طے پایا ہے، یہ ایک ایسا کیمرا سسٹم ہوگا جس کو کم روشنی میں تصویر کشی کرنے اور چاند کے سخت ماحول میں صحیح طریقے سے کام کرنے کے لیے بنایا جائے گا۔
واضح رہے کیمرے کو متعارف کرائے جانے کے بعد آرٹیمس تھری میں جانے والا عملہ اس سے چاند کے جنوبی قطب کا معائنہ کرے گا لیکن اس کی لانچنگ ستمبر 2026 سے قبل ممکن نہیں ہے کیونکہ جنوبی قطب چاند کا وہ علاقہ ہے جہاں بڑی بڑی پہاڑیوں کے سبب بننے والے سائے میں چھپے گڑھوں میں پانی سے بنی برف موجود ہے۔