دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے پہلے عرب خلا نورد سلطان النیادی اپنے خلائی سٹیشن سے باہر نکل کر خلا میں کچھ وقت گزارا اور چہل قدمی کی، اس سے پہلے امارات کے حازہ المنصوری بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر کچھ وقت گزارچکے ہیں لیکن خلائی چہل قدمی نہیں کر سکے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق 28 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق 5 بجکر 45 منٹ پر سلطان النیادی چہل قدمی کیلئے بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) سے باہر آئے، سلطان خلا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والے پہلے عرب خلا نورد بن گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں سلطان النیادی نے کہا کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے ایئرلاک سے گزرنے میں ابھی چند گھنٹے ہیں اور کاؤنٹ ڈاؤن جاری ہے، میں نے خلائی سوٹ پہن رکھا ہے اور بازو پر متحدہ عرب امارات کا پرچم فخر سے لگایا ہے، میں عرب دنیا کے پہلے باشندے کے طور پر خلا میں قدم رکھوں گا۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) پر سال 1998ء سے اب تک خلانورد محض 260 مرتبہ ہی باہر نکلے ہیں اور انہوں نے سٹیشن سے باہر بہت کم وقت گزارا ہے۔