خلا سے ریکارڈ کردہ زمین کے دلفریب مناظر کی ویڈیو جاری

Published On 23 April,2023 11:55 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ناسا نے خلا سے زمین کی مختلف زاویوں سے بنائی ہوئی ایک دلفریب اور متاثر کن ویڈیو جاری کر دی۔

ناسا کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے زمین سے 490 کلومیٹر دور 90 منٹ کے دورانیے میں زمین کے گرد اپنا چکر مکمل کرتے ہوئے مارچ 2022 سے مارچ 2023 کے درمیان محفوظ کئے گئے تھے۔

ناسا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہوئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ زمین کو اپنے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھنے کا تجربہ، ایسے لوگ جنہیں زمین کے مدار سے خلا میں مختلف زاویوں سے اسے دیکھنے کا نایاب موقع میسر ہوتا ہے، خلا میں 250 میل کی دوری سے نیلے کنچے (ماربل) جیسا یہ گولا بے انتہا خوبصورت، انتہائی دلفریب اور متاثرکن نظر آتا ہے۔

 

ناسا کی جانب سے پوسٹ کئے جانے کے بعد صارفین کی جانب سے ویڈیو کو 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا ہے جبکہ اس پر 4۔7 لائکس اور 2000 سے زائد مرتبہ کمنٹ کیا گیا ہے۔

اس سے چند روز قبل ناسا نے جیمس ویب ٹیلی سکوپ سے کھینچی ہوئی اے آر پی 220 نامی کہکشاں کی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس کی چمک کھربوں سورجوں کی روشنی سے زیادہ لگ رہی تھی۔

 

Advertisement