پیساڈینا، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ناسا نے کئی برس قبل راکٹ کو اس کے لانچ پیڈ پلیٹ فارم تک لے جانے والی ایک سواری بنائی تھی جسے اب آرٹیمس مشن کے لئے مزید بہتر بنایا گیا ہے اور اسے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اپنے بل پر چلنے والی سب سے بھاری سواری کا اعزاز بھی دیا ہے۔
ناسا کا کرالر ٹرانسپورٹر ٹو (سی ٹی ٹو) 60 سال قبل بنایا گیا تھا لیکن اب اسے آرٹیمس ایس ایل ایس میگاراکٹ کے لئے تبدیل کیا گیا ہے، اس پر راکٹ رکھ کر اس کے درست مقام تک پہنچایا جاتا ہے، اس کا کل وزن 30 لاکھ کلوگرام ہے اور دنیا کی بھاری ترین سواری بھی ہے۔
ناسا کے اس ٹرانسپورٹر کوعالمی اعزاز کی سند دی گئی ہے جس پر کئی عشرے قبل سیٹرن راکٹ لے جاتے رہے تھے۔
اس موقع پر کینیڈی اسپیس سینٹر کے ماہرین اور گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ کے افسران بھی موجود تھے، ناسا کے پروگرام منیجر برائے ایکسپلوریشن گراؤنڈ سسٹمز کے مطابق یہ سسٹم انجینئرنگ کا ایک عظیم شاہکار ہے۔
60 برس قبل اسی نے چاند کی راہ ہموار کی تھی اور اب دوبارہ چاند تک رسائی کا وسیلہ بھی بنے گا، یہ ٹرانسپورٹر ڈیڑھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتا ہے کیونکہ اس کی پیٹھ پر بہت بھاری بھر کم راکٹ ہوتا ہے۔
کرالر ٹرانسپورٹر نے سب سے پہلے نومبر 2022 میں آرٹیمس ایس ایل ایس راکٹ کو منزل تک پہنچایا تھا اور توقع ہے کہ یہ ناسا کے آرٹیمس قمری مشن میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔