بیجنگ: (ویب ڈیسک ) سائنس دانوں نے ایک ایسا بیٹری سسٹم بنایا ہے جس کو جسم میں نصب کرتے ہوئے بلا تعطل بجلی بنائی جا سکے گی۔
چین کی تیانجِن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ماہرین کی جانب سے بنایا جانے والا ڈیزائن صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کرسکتا ہے۔
گزشتہ برسوں میں جسم میں نصب ہونے والی بیٹریوں اور برقی آلات (پیس میکر یا نیورو اسٹیمیولیٹر) نے صحت کے شعبے کو بدل کر رکھ دیا ہے،لیکن یہ بیٹریاں اکثر کمزور ہوجاتی ہیں اور ان کو بدلنے کی ضرورت پیش آجاتی ہے اور اب تک اس کا واحد حل خطرناک سرجری ہی ہے۔
البتہ یہ تازہ ترین ایجاد میڈیکل ٹیکنالوجی میں نصب کی جانے والی بیٹریوں کے ارتقاء کے طور پر دیکھی جارہی ہے جو جسم کی آکسیجن کی سپلائی پر چلتی ہے۔
ٹیم میں شامل پروفیسر لائیو کا کہنا تھا کہ اگرجسم میں آکسیجن کی مسلسل فراہم ہوتی رہے تو بیٹری کی زندگی محدود نہیں رہے گی، لہٰذا محققین کی ٹیم کے ساتھ میں نے ایسی بیٹری بنانی شروع کی جو جسم کی آکسیجن کے ساتھ ردِ عمل کرے تاکہ بجلی بن سکے۔
یاد رہے اس ایجاد کو سائنس دانوں نے آزمانے کے لیے تجربہ گاہ کے چوہوں میں پرکھا جہاں دو ہفتوں کی آزمائش کے بعد معلوم ہوا کہ اس دوران چوہوں کو کسی بھی قسم کا کوئی مضر تجربہ نہیں ہوا اور اس بات کی تصدیق کی گئی کہ خارج ہونے والی بجلی مستحکم تھی۔