اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ پاکستان معیشت کو ڈیجیٹل کرنے میں سعودیہ سے سبق لے۔
اسلام آباد میں ایک تھنک ٹینک کے زیرِ اہتمام گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، کانفرنس’ پاکستان کے لیے مواقع اور اسباق‘ کے عنوان سے پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) میں عالمی میڈیا کے تعاون سے منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے سربراہ ڈاکٹر ماجد بھٹی تھے جبکہ سفیر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) خان ہشام بن صدیق نے بھی شرکت کی جو قبل ازیں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔
کانفرنس میں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت نے کہا کہ پاکستان کو اپنی افرادی قوت کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اپنی معیشت کو ڈیجیٹل کرنے میں سعودی عرب سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
سعودی عرب نے ای کامرس اور ای گورننس کے لیے بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے لیے دنیا بھر سے بہترین ہنر اور مہارت حاصل کی ہے، اس بات کا ذکر کرتے ہوئے مقررین نے مملکت کی تعریف کی کہ اس نے اپنی معیشت کا انحصار تیل سے ہٹا کر اسے متنوع بنایا اور ڈیجیٹل انقلاب کی طرف راغب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ڈیجیٹل اور ای گورننس کا راستہ اختیار کرنے کے معاملے میں پاکستان کا بنیادی مسئلہ ڈیجیٹل مالیاتی لین دین کا انتخاب کرنے کے لیے سہولیات کا فقدان تھا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح سمارٹ سٹیز کے قیام سے ڈیجیٹائز طریقے سے اسے دستاویزی شکل دے کر پاکستان اپنے طرزِ حکمرانی سے متعلق کئی مسائل کو بہتر طریقے سے حل کر سکتا ہے۔