ریاض (ویب ڈیسک)مس یونیورس آرگنائزیشن نے سعودی عرب کی ایک ماڈل رومی القحطانی سے متعلق رپورٹس کی تردید کردی ہے۔
ادارے نے کہا کہ سعودی عرب میں ’مس یونیورس‘ کے لیے انتخاب کا عمل نہیں کیا گیا تھا لیکن وہ سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزررہے ہیں۔
ایم یو او کے مطابق اگرچہ سعودی عرب ابھی تک ان ممالک میں شامل نہیں ہے جن کی اس سال مس یونیورس مکمل طور پر شرکت کی تصدیق ہوئی ہے ، لیکن ہم فی الحال ایک ممکنہ امیدوار کو کوالیفائی کرنے اور نمائندگی کے لیے قومی ڈائریکٹر مقرر کرنے سے متعلق سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
مس یونیورس آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب کو اس وقت تک ہمارے باوقار مقابلے میں شرکت کا موقع نہیں ملے گا جب تک کہ یہ حتمی نہیں ہو جاتا اور ہماری منظوری کمیٹی اس کی تصدیق نہیں کر دیتی۔
واضح رہے مس یونیورس آرگنائزر کی جانب سے یہ بیان سعودی ماڈل رومی القحطانی کی جانب سے سوشل میڈیا پر سالانہ مقابلے میں شرکت کے اعلان کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔