ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے غزہ پٹی میں ورلڈ سینٹرل کچن تنظیم کے کارکنوں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی اسرائیل کی جانب سے مسلسل بین الاقوامی انسانی قوانین اورغاصبانہ جرائم کا تسلسل ہے۔
وزارت خارجہ نے مملکت کی جانب سے امدادی تنظیموں اور کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کو پھر مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ’ وہ ان خلاف ورزیوں کو روکنے کےلیے فوری نوٹس لے۔
بیان میں عالمی برادری سے مزید مطالبہ کیا گیا کہ ’وہ شہریوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ غزہ پٹی میں متاثرین کو جلد از جلد اور مستقل بنیادوں پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی امدادی تنظیم ’ورلڈ سینٹرل کچن‘ کے ارکان کو دیر البلاح میں اپنے ویئر ہاؤس سے روانگی کے موقع پر اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے ہلاک کر دیا تھا۔
اس ضمن میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں غیر ملکی این جی او ’’ورلڈ سینٹرل کچن‘‘ کی گاڑی پر فضائی حملہ افسوسناک اور غیر ارادی طور پر ہوا تھا،یقین دلاتا ہوں کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا۔