مناسب وقت پر اسرائیلی حملے کا جواب ضرور دیں گے: ایران کا اعلان

Published On 02 April,2024 05:13 am

تہران: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے شام میں سفارتخانے پر حملے میں اہم شخصیات کے جاں بحق ہونے پر ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کر دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں شکست کے بعد سمجھ نہیں آ رہی کہ مستقبل میں کیا حکمت عملی اپنانی ہے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ شام پر اسرائیلی حملہ غزہ میں صیہونی عزائم کی ناکامی کا اظہار ہے، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں سنگین حالات پر اپنا موقف واضح کرے، ایران مناسب وقت پر اسرائیلی حملے کا جواب ضرور دے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد سفارتکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی قونصل خانے اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، مرنے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔
 

Advertisement