بیروت: (ویب ڈیسک) حماس کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ نئی بات چیت کیلئے وفد قاہرہ بھیجنے کی خبروں کی تردید کر دی گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے ترجمان اسامہ حمدن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ نئی بات چیت کیلئے ابھی وفد بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، دو طرفہ قیدیوں کی رہائی سے متعلق حماس کی جانب سے کوئی نمائندہ قطر یا مصر نہیں جا رہا، اسرائیل گزشتہ معاہدوں میں جھوٹا ثابت ہوا اس لیے اعتبار نہیں۔
واضح رہے کہ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے مذاکرات اتوار کو مصری دارالحکومت قاہرہ میں دوبارہ شروع ہوں گے، غزہ کی پٹی میں تقریباً چھ ماہ سے جاری جنگ کو روکنے کی یہ تازہ ترین کوشش ہوگی جس میں دونوں اطراف کے نمائندے شریک ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حماس کا کہنا ہے کہ ان کا گروپ پہلے اسرائیل کے ساتھ اپنی گزشتہ بات چیت کے نتائج کے بارے میں قاہرہ کے ثالثوں سے جواب سننے کا منتظر ہے، متحارب فریقوں نے قطر اور مصر کی ثالثی میں مذاکرات کو آگے بڑھایا ہے۔