امریکی رکن کانگرس فلسطینیوں کی نفرت میں کھل کر سامنے آ گئے، غزہ پر ایٹمی حملے کا مطالبہ

Published On 01 April,2024 03:08 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کی سیاسی جماعت ری پبلکن کے رکن کانگرس فلسطینیوں کی نفرت میں کھل کر سامنے آ گئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ری پبلکن رکن کانگریس ٹم والبرگ نے اسرائیل کی بربریت کے شکار فلسطینیوں پر ایٹمی حملہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کو ناگا ساکی اور ہیروشیما کی طرح تباہی کی مثال بنا دینا چاہیے، غزہ کا جلدی خاتمہ ضروری ہے۔

ٹم والبرگ نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد نہیں پہنچانی چاہیے، یہ جوبائیڈن کی سوچ ہے ہمیں غزہ میں ایسا کرنے کی ضرورت ہے، غزہ میں امداد پر ایک پیسا خرچ نہیں ہونا چاہیے، اسرائیل کی امداد پر توجہ دینی ہو گی کیونکہ اسرائیل دنیا میں امریکا کا واحد مخلص دوست ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک حملوں میں 32 ہزار 782 فلسطینی شہید جبکہ 75 ہزار 298 زخمی ہو چکے ہیں، شہداء میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، لاکھوں فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں، بے پناہ ظلم کے باوجود اسرائیلی فورسز کے حملے جاری ہیں۔

ایک طرف امریکا رفاہ پر حملے کی مخالف کر رہا ہے لیکن دوسری طرف رکن کانگرس کی جانب سے خوفناک بیان سامنے آنا سمجھ سے بالاتر ہے، 2 روز قبل ہی امریکی حکومت نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کے بم اور لڑاکا طیارے دینے کا گرین سگنل دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کی حکومت نے اسرائیل کو غزہ پر حملوں کے لئے ہزاروں پاؤنڈ بم اور جدید لڑاکا طیارے دینے کی منظوری دی، یہ فیصلہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی اپنے اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نئے ہتھیاروں کے پیکیج میں ایک ہزار 800 ایم کے 84، 2 ہزار پاؤنڈ بم اور 500 ایم کے 82، 500 پاؤنڈ بارود شامل ہوں گے، اس کے علاوہ امریکا اپنے دیرینہ اتحادی اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر سالانہ فوجی امداد دیتا ہے۔
 

Advertisement