غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی بربریت تھم نہ سکی، تازہ حملوں میں مزید 47 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق الشفاء ہسپتال کے 13 روز سے جاری محاصرے میں 400 افراد شہید ہوچکے، الشجائیہ ،المغازی ، خان یونس اوردیگر مقامات میں گھروں کو نشانہ بنایا گیاجبکہ امداد کے منتظر مزید پانچ فلسطینی گولیوں کا نشانہ بن گئے، غزہ کے ساحل پر دو فلسطینیوں کو شہید کرکے لاشوں کو بلڈوزر سے کچرے کے ڈھیر میں دبا دیا۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے لئے چین بھی میدان میں آگیا، چینی سفارت کار وانگ کیجیان نے مصر، فلسطین، اسرائیل اور قطر کا دورہ کیا، دورہ کے دوران انہوں نے عرب لیگ اور حماس کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کے غزہ تنازع کے خاتمے کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 ہزار سے زائدفلسطینی شہید اور 75 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔