ریاض :(ویب ڈیسک ) سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت عالمی عدالت انصاف سے جاری کیے گئے عارضی احتیاطی اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے، جس میں غزہ کی پٹی میں امداد کے داخلے کو بڑھانے اور زمینی گزر گاہوں میں اضافے کے ساتھ امداد کی آمد کو آسان بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مملکت غزہ میں بحران کو مزید پھیلنے سے بچانے کے لیے فوری انسانی امداد پہنچانے کی تمام کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
سعودی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بیان میں سعودی عرب کی جانب سے عالمی برادری سے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مزید فوری اقدامات کرنے اور سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرنے کے مطالبے کی تجدید بھی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ میں خوراک کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں: عالمی عدالت کا اسرائیل کو حکم
خیال رہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی عدالت انصاف کے ججوں نے متفقہ طور پر اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ فلسطینی علاقے میں فلسطینی آبادی کے لیے بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے اور قحط کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ضروری اور موثر اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ سال 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 32 ہزارسے زائد فلسطینی شہید جبکہ 74 ہزار 980 زخمی ہو چکے ہیں، غزہ کی پٹی کی 70 فیصد عمارتیں مکمل یا جزوی تباہ کر دی گئی ہیں۔