اسرائیل کی الاقصیٰ ہسپتال پربمباری ، 24 گھنٹوں میں 77 فلسطینی شہید

Published On 01 April,2024 09:33 am

غزہ : (ویب ڈیسک ) اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال پر بمباری شروع کردی ، رات گئے مختلف حملوں میں 77 فلسطینی شہید ہوگئے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار منظور ہونے کے باوجود اسرائیل کے حملے جاری ہیں اور غزہ میں انسانی بحران مزید بڑھ گیا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ کے علاقے دیر البلاح میں الاقصیٰ ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 4 افراد شہید اور 17 زخمی ہو گئے ، الاقصیٰ ہسپتال کے ترجمان خالد الدکران نے کہا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں میں کئی صحافی بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں فلسطینی اسلامی جہاد گروپ کے زیر انتظام کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ فضائی حملے میں خیمے کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے اور صحافی کام کر رہے تھے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے مریضوں، صحت کے عملے اور انسانی ہمدردی کے مشن کے تحفظ کا مطالبہ کیا اور جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر سے لے کر اب تک 130 سے زائد فلسطینی صحافی شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج غزہ میں دیگر طبی سہولیات کے علاوہ الاقصیٰ ہسپتال اور اس کے اطراف میں حملے کر رہی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران اسرائیلی بمباری اور زمینی حملوں میں کم از کم 77 افراد شہید ہو گئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی  تعداد 32 ہزار 782 تک پہنچ گئی ہے۔


 

Advertisement