لاہور (دنیا نیوز) پاکستان سمیت مختلف ممالک میں میسجنگ اور کالنگ کے مقبول پلیٹ فارم واٹس ایپ کی سروسز کچھ دیر متاثر رہنے کے بعد بحال ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو تقریباً 11 بجے ٹیکنیکل خرابی کے باعث واٹس ایپ کی سروسز میں تعطل آیا جس کی وجہ سے صارفین کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تاہم تقریباً آدھے گھنٹے سے زائد کی معطلی کے بعد واٹس ایپ کی سروسز دوبارہ بحال ہو گئیں۔
قبل ازیں سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین کی جانب سے واٹس ایپ پر درپیش آنے والے مسئلے کی نشاندہی کی گئی اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں نے بتایا کہ واٹس ایپ گروپس میں میسجز نہیں جا رہے جبکہ انفرادی طور پر صارفین کو چیٹنگ کرنے میں مسئلہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ بھی انسٹاگرام اور فیس بک کی طرح میٹا کی زیر ملکیت ہے جس کی جانب سے فی الحال واٹس ایپ سروس متاثر ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔