پیرس :(ویب ڈیسک ) شہور جہاز ساز کمپنی ایئربس ہیلی کاپٹرز نے تجرباتی بنیادوں پر ایک ایسے جہاز’ریسر‘ کی رونمائی کی ہے جو طیارے اور ہیلی کاپٹر دونوں کی خصوصیات کا حامل ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس جہاز کی رونمائی ہوئی ہے اور یہ مستقبل کے روٹر کرافٹس کی دوڑ کا ایک حصہ ہے، ’ریسر‘ ہوائی جہاز کا ایک ایسا ماڈل ہے جس میں روایتی اوور ہیرڈ روٹر بلیڈ اور آگے کی جانب دو پروپیلرز نصب کیے گئے ہیں تاکہ اس کے توازن اور رفتار دونوں کو یکجا کیا جا سکے۔
اس ہوائی جہاز کو بنانے کا مقصد ریسکیو یا تلاش جیسے اہم مشن کے لیے اس کے ذریعے کم وقت میں ردعمل کو ممکن بنانا ہے۔
ایئربس ہیلی کاپٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) برونو ایون نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ بعض مشن ایسے ہوتے ہیں جہاں موقع یا مخصوص جگہ تک جلد سے جلد پہنچنا ضروری ہوتا ہے، ہم اکثر ’گولڈن آور‘ کے بارے میں بات کرتے ہیں، جب لوگوں کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔
خیال رہے ایئربس ہیلی کاپٹر نے مارسیل سے باہر اپنے ماریگنین بیس پر 150 صنعتی عہدے داروں، سیاست رہنماؤں اور یورپی یونین کے نمائندوں کے سامنے اس منفرد ہوائی جہاز کی رونمائی کی، اس پروجیکٹ کو ایئربس ہیلی کاپٹر کے ’کلین سکائی ٹو‘ انیشیٹیو کا تعاون حاصل ہے۔
واضح رہے اس جہاز کی رونمائی اٹلی کی کمپنی لیونارڈو اور امریکی مینوفیکچرر بیل کے ٹِلٹ روٹر ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کے لیے تعاون پر اتفاق کے بعد ممکن ہوئی۔