نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے زبردست فیچر متعارف کرا دیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے رواں سال متعدد نئے فیچر متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کا مقصد صارفین پر اعتماد برقرار رکھنا اور دوسری ایپلی کیشن کے مقابلے میں سبقت لے جانا شامل ہے۔
ویب بیٹا انفو کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں وائس میسیج ٹرانسکرپشن نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے،اس فیچر سے وائس میسیجز کو تحریری شکل میں پڑھنا ممکن ہو جائے گا۔
یہ فیچر اس سے قبل مئی 2023 میں آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے پیش کیا گیا ہے، مذکورہ فیچر ایسے صارفین کیلئے کارآمد ثابت ہوگا جن کی حس سماعت زیادہ بہتر نہیں ہوتی اور انہیں سننے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی محدود بیٹا صارفین کو دستیاب ہے اور بتدریج اسے توسیع دی جائے گی۔
رپورٹ میں اس فیچر کا ایک سکرین شاٹ بھی کیا گیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ وائس میسیجز کو انگلش، ہسپانوی، برازیل، روسی اور ہندی زبانوں میں تبدیل کرنا ممکن ہوگا۔
مستقبل قریب میں فیچر کیلئے مزید زبانوں کی سپورٹ بھی فراہم کی جا سکتی ہے، واٹس ایپ کا یہ فیچر جلد تمام صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔