سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک ) واٹس ایپ مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام کرنے میں مصروف ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقصد کے لیے واٹس ایپ میں اپریل 2024 میں چیٹ فلٹرز کا فیچر صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔
اس فیچر کے تحت واٹس ایپ میں آل، ان ریڈ (unread) اور گروپس کے نام سے 3 چیٹ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہیں ، اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے اس فیچر کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔
میٹا کی جانب سے میسجنگ ایپ میں فیورٹ فلٹر کو متعارف کرا دیا گیا ہے، اس نئے فیچر کا مقصد قریبی دوستوں یا پیاروں کے ساتھ رابطے کو آسان ترین بنانا ہے۔
اس فیچر سے قریبی دوستوں یا پیاروں سے چیٹ یا ان کو کال کرنا بہت آسان ہو جائے گا اور کانٹیکٹس لسٹ میں سکرولنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جن کو روزانہ متعدد میسجز موصول ہوتے ہیں اور پسندیدہ کانٹیکٹس کے پیغامات کو ٹریک کرنا مشکل ہوتا ہے۔
فیورٹ فلٹر سے صارفین کے لیے اہم کانٹیکٹس اور گروپس کے میسجز تک جلد رسائی میں مدد ملے گی مگر اس کے لیے انہیں کانٹیکٹس کو فیورٹس لسٹ میں شامل کرنا ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے جاری تھی اور اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے ، آئندہ چند ہفتوں کے دوران یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔