امریکی عدالت نے اسرائیلی گروپ کو واٹس ایپ ہیکنگ کا ذمہ دار قرار دیدیا

Published On 21 December,2024 10:28 pm

کیلی فورنیا:(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک عدالت نے سوشل میڈیا کمپنی ”میٹا“ کے ذریعے دائر کردہ جاسوسی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے اسرائیلی گروپ ”این ایس او“ کو واٹس ایپ میں خفیہ سافٹ وئیر کے ذریعے ہیکنگ کا ذمہ دار قرار دیا۔

ایک جج نے میٹا کی پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ کے مقدمے میں فیصلہ سنایا، جس میں اسرائیلی گروپ ’این ایس او‘ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ غیر مجاز نگرانی کی اجازت دینے والے سافٹ ویئر کو انسٹال کرنے کیلئے میسیجنگ ایپ میں ایک بگ کا استعمال کر رہا ہے۔

وفاقی جج نے فیصلہ دیا کہ’ این ایس او‘ وفاقی اور کیلیفورنیا کے قانون کے تحت 2019 کی ہیکنگ کے سلسلے میں ذمہ دار ہے جس نے ایک ہزار سے زیادہ واٹس ایپ صارفین کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ نے 2019 میں یہ مقدمہ اس وقت دائر کیا جب تحقیقات سے پتہ چلا کہ این ایس او کے اسپائی ویئر ”پیگاسس“ کا استعمال متعدد ممالک کے سربراہوں سمیت کارکنوں، صحافیوں اور سرکاری اہلکاروں کے فون ہیک کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔