واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ شام میں اس وقت 2000 امریکی فوجی موجود ہیں، یہ تعداد اس سابقہ اعلان سے زیادہ ہے جس میں شام میں 900 امریکی فوجیوں کی موجودگی کا بتایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان پیٹرک رائڈر نے واضح کیا کہ جیسا کہ آپ لوگ جانتے ہیں کہ ہم ہمیشہ یہ کہتے رہے کہ شام میں تقریبا 900 امریکی فوجی موجود ہیں، تاہم آج مجھے معلوم ہوا کہ عملی طور پر شام میں عملی طور پر 2000 کے قریب امریکی فوجی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بشارالاسد کے دور میں شام میں 900 امریکی فوجی تھے، اس کے بعد وہاں مزید فوجی بھیجے گئے تا کہ داعش کے قلع قمع کے مشن کو مضبوط بنایا جا سکے، اضافی فوجیوں کی حیثیت عارضی فورس کی ہے جس کو داعش تنظیم کے خلاف جنگ کی سپورٹ کے لیے بھیجا گیا۔
واضح رہے کہ صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ بتا چکی ہے کہ امریکی فوج شام میں رہے گی، تاہم منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسے واپس بلا سکتے ہیں۔