اسرائیل، امریکا اور برطانیہ کیساتھ کھلی جنگ کی حالت میں ہیں: حوثی سربراہ

Published On 21 December,2024 04:18 am

صنعاء (دنیا نیوز) یمن میں ایران کی حمایت یافتہ باغی حوثی ملیشیا کے سربراہ عبدالملک الحوثی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اسرائیل، امریکا اور برطانیہ کے ساتھ کھلی جنگ میں ہے۔

حوثی ملیشیا کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے باور کرایا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

سربراہ حوثی ملیشیا نے مزید کہا کہ الحدیدہ کی بندر گاہوں اور صنعاء میں دو پاور سٹیشنوں پر حملوں سے اسرائیل کو نشانہ بنانے اور فلسطین کی نصرت سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا، حوثیوں کے سربراہ نے ان حملوں میں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ سات اکتوبر 2023ء کو غزہ میں جنگ چھڑنے کے بعد سے حوثی ملیشیا نے اسرائیل کی سمت میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے درجنوں حملے کئے، اس کے علاوہ غزہ کی معاونت کے لئے بحیر احمر میں درجنوں کارگو جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔