مالی سال 24-2023 میں 177 ٹیلی کام لائسنس جاری کئے: پی ٹی اے

Published On 23 December,2024 03:40 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مالی سال 24-2023 میں 177 ٹیلی کام لائسنس جاری کئے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق گزشتہ ایک سال میں فکسڈ لوکل لوپ کے 60، کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز کے 36 جبکہ وائرلیس ایچ ایف اور وی ایچ ایف کے 31 لائسنس شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق ایمیچور کے 39، لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل کے 3، ایرو ناٹیکل موبائل سٹیشن کے 6 اور ایل پی ڈبلیو اے این کے 2 لائسنس جاری ہوئے، تمام اقسام کے اب تک مجموعی طور پر 2 ہزار 140 لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق مجموعی طور پر سب میرین کیبلز کے 7 لائسنس جاری کئے گئے جبکہ سب میرین کیبلز کے چار مزید لائسنس پائپ لائن میں ہیں۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لائسنس کے اجرا کا نظام آن لائن کر دیا ہے، دور دراز علاقوں سے لائسنس کیلئے درخواست دینے والے بھی مستفید ہو سکیں گے۔