لندن: (ویب ڈیسک) آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں مگر یہ کام مشکل محسوس ہو رہا ہے؟، اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔
سمارٹ واچز لوگوں کو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد فراہم کرسکتی ہیں، یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران ماہرین نے ایک ایسا موشن سنسر سافٹ وئیر تیار کیا جو ہاتھوں کی وہ حرکات شناخت کرتا ہے جب کوئی سگریٹ ہاتھ میں تھامے ہوئے ہو۔
جب یہ سافٹ وئیر سگریٹ کو شناخت کرتا ہے تو اسمارٹ واچ اسکرین پر ایک الرٹ فلیش کرتا ہے، ڈیوائس میں موجود ایک ایپ وائبریشن کے ساتھ ایک ٹیکسٹ میسج بھیجتی ہے جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں معاونت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
محققین کا ماننا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے بروقت مداخلت کرکے تمباکو نوشی کی عادت سے جان چھڑانے میں مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب کوئی فرد اس لت کو چھوڑنے کی کوشش کرتا ہے اور کسی کمزور لمحے میں اس کے لیے اپنے ارادے پر قائم رہنا مشکل ہو جاتا ہے تو یہ مداخلت ان لمحات میں اس کے عزم کو مضبوط بنا سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ اسمارٹ واچز کو پسند کرتے ہیں اور ان کو میسج کا خیال بھی پسند آئے گا، اس تحقیق میں 18 سے 70 سال کی عمر کے 18 ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے تھے، انہیں ایک اسمارٹ واچ پہنچائی گئی جس میں محققین کی تیار کردہ ایپ موجود تھی۔
یہ اسمارٹ واچ 2 ہفتوں تک ان کی کلائی میں رہی اور ان سے 27 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی بھروایا گیا، 66 فیصد افراد نے کہا کہ وہ موشن سنسر والی اسمارٹ واچ پہننے کے لیے تیار ہیں جبکہ 61 فیصد نے میسج کے مواد کو متعلقہ قرار دیا۔