لاس ویگاس: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا ایپ ایکس کے بانی ایلون مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ٹیلی پیتھی میڈیکل ڈیوائس کمپنی ’نیورالنک‘ نے تیسرے انسان کے دماغ میں اپنی ڈیوائس نصب کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلون مسک نے لاس ویگاس میں ہونے ایونٹ کےدوران اپنی ڈیوائس تیسرے انسان کے دماغ میں نصب کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی سال میں نیورا لنک کی ڈیوائس تیسرے انسان کے دماغ میں نصب کر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک تینوں انسان ڈیوائس کی مدد سے بہتر طریقے سے روزمرہ کے کام سر انجام دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی نئے سال میں مزید 30 انسانوں کے دماغوں میں نیورا لنک کی ڈیوائس نصب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ان کی کمپنی مذکورہ ڈیوائس کے آلات اور ٹیکنالوجی کو مزید اپ گریڈ کرنے پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ ڈیوائس نصب ہونے کے کئی سال تک آلات کام کرتے رہیں، انہوں نے تیسرے مریض کی حالت سمیت اس کی مزید معلومات فراہم نہیں کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اگست 2023 میں انہوں نے بتایا تھا کہ نیورا لنک کی ڈیوائس دوسرے انسان کے دماغ میں نصب کر دی گئی جبکہ نیورالنک‘ نے پہلی بار جنوری 2024 میں انسانی دماغ میں چپ نصب کی تھی، جو کہ فالج سمیت دیگر معذوریوں کے شکار افراد کو ڈیجیٹل ڈیوائسز سے منسلک کرنے سمیت انہیں چہل قدمی میں مدد فراہم کرتی ہے۔