کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) یوٹیوب پر گوگل کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) بوٹ جیمنائی فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ویڈیو سٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر جیمنائی کی آزمائش کے فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، مذکورہ فیچر کے تحت صارفین یوٹیوب پر دیکھنے والی کسی بھی ویڈیو سے متعلق کوئی بھی معلومات جیمنائی سے حاصل کر سکیں گے۔
فیچر کے تحت جیمنائی چیٹ بوٹ کو یوٹیوب پر شامل کیا جائے گا، جہاں صارفین ویڈیو میں نظر آنے والی کسی بھی چیز سے متعلق مزید معلومات جان سکیں گے، انہیں جاننے کیلئے یوٹیوب کو چھوڑ کر گوگل سرچ انجن میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مذکورہ فیچر کے تحت کسی بھی ویڈیو کو دیکھتے وقت جیمنائی کو لائیو کر دیا جائے گا تو جیمنائی ویڈیو میں دکھائی گئی مختلف چیزوں کی وضاحت فراہم کرے گا۔
گوگل کا اے آئی اسسٹنٹ جیمنائی نہ صرف ویڈیو میں دکھائی گئی چیزوں اور معلومات سے متعلق تحریر میں وضاحت پیش کرے گا جبکہ جیمنائی بعض ممالک میں اس کی آڈیو میں وضاحت بھی پیش کرے گا۔
یوٹیوب کی جانب سے پہلے ہی اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ ویڈیو سٹریمنگ ویب سائٹ پر جیمنائی کا فیچر پیش کیا جائے گا، مذکورہ فیچر کے علاوہ بھی یوٹیوب پر متعدد اے آئی فیچرز پیش کئے جا چکے ہیں اور مزید فیچرز کو بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے۔