کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایکس کے بانی ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کا تجرباتی خلائی مشن ناکام ہوگیا، سٹار شپ فضاء میں پھٹ گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سپیس ایکس نے 16 جنوری 2025 کو ٹیکساس سے اپنی پرواز کا آغاز کیا، خلائی جہاز جعلی سیٹلائٹ لے کر جا رہا تھا، جس میں کوئی شخص سوار نہیں تھا، تاہم ٹیک آف کے صرف 8 منٹ بعد سپیس ایکس کا سٹار شب سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
تجرباتی خلائی مشن سٹار شپ خلائی سفر پر روانگی کے چند منٹ بعد دھماکے سے پھٹ گیا۔
ہیٹی کے دارالحکومت شہر، پورٹ-او-پرنس میں لی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ نارنجی رنگ کی چمکیلی روشنیاں آسمان پر تیزی سے حرکت کرتی دیکھی گئیں، جس سے دھواں خارج ہو رہا تھا۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آکسیجن سلنڈر میں لیکیج کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، اگلی بار مزید احتیاطی تدابیر اپنائیں گے۔
سپیس ایکس مریخ پر انسانی مشن بھیجنے کیلئے کوشاں ہے اور سٹار شپ نامی دنیا کے سب سے بڑے راکٹ کا تجربہ اس سلسلے کی کڑی ہے۔