واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کیلئے بھی ملٹی اکاؤٹ فیچر متعارف کروادیا

Published On 26 January,2025 06:57 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی اکاؤنٹ فیچر کو آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اس نئے فیچر سے صارفین ایک ایپ میں ہی کئی اکآؤنٹس میں لاگ ان ہوسکتے ہیں اور مختلف اکاؤنٹس کو استعمال کرنے کے لیے مزید کسی اور ڈیوائس کی ضرورت نہیں رہے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ سیٹنگز میں چھپے اس فیچر سے صارفین ملٹی اکاؤنٹس کو ان ایبل کرسکتے ہیں یا ان کو کنٹرول کرسکتے ہیں، یہ فیچر اس سے قبل اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں بھی نظر آیا تھا۔

یہ ایسے صارفین کے لیے بہت زیادہ مددگار فیچر ثابت ہوگا جن کے پاس ایک سے زیادہ فون نمبر ہوتے ہیں یا وہ ڈوئل سم سپورٹ والے فون استعمال کرتے ہیں۔

اسی طرح صارفین واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس میں متعدد اکاؤنٹس کو استعمال کرسکیں گے، رپورٹ کے مطابق ملٹی اکاؤنٹ فیچر میں اکاؤنٹس ایڈ کرنے کے لیے 2 آپشنز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

ایک آپشن کے تحت صارف نئے پرائمری اکاؤنٹ کو سیٹ کرسکیں گے یا کیو آر کوڈ کے ذریعے پہلے سے موجود اکاؤنٹ کو ایڈ کرسکیں گے۔

جب کسی اکاؤنٹ کو ایڈ کیا جائے گا تو ہر اکاؤنٹ خودمختار طریقے سے کام کرے گا، یعنی دونوں کے نوٹیفکیشنز الگ موصول ہوں گے، چیٹ ہسٹریز، بیک اپ اور سیٹنگز وغیرہ بھی ایک دوسرے سے مختلف ہوں گی۔

البتہ ایپ کو ری اسٹارٹ کرنے پر مختلف اکاؤنٹ پر سوئچ کرنا پڑسکتا ہے، مگر امکان ہے کہ اسے آئندہ چند ماہ کے دوران تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔