ایلون مسک کا ٹک ٹاک خریدنے میں عدم دلچسپی کا اظہار

Published On 10 February,2025 09:37 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیسلا کے سی ای او اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک خریدنے میں عدم دلچسپی کا اظہار کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے ٹک ٹاک نہ خریدنے کی بات جرمن میڈیا ایمپائر ایکسل اسپرنگر کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کے دوران کہی تھی۔

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ میں نے ٹک ٹاک خریدنے کیلئے بولی نہیں لگائی، میرے پاس اس حوالے سے کوئی منصوبہ نہیں ہے کہ اگر میرے پاس ٹک ٹاک ہوتا تو میں کیا کرتا لہٰذا میں ٹک ٹاک کو خریدنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کر رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختصر ویڈیو ایپ کو ذاتی طور پر استعمال نہیں کرتے اور ایپ کے فارمیٹ سے بھی واقف نہیں ہیں۔

ٹیسلا کے سی ای او نے ٹوئٹر (موجودہ ایکس) کی خریدنے کے عمل کو غیر معمولی اقدام قرار دیتے ہوئے بتایا کہ میں عام طور پر کمپنیاں خریدتا نہیں بلکہ بناتا ہوں۔