ٹک ٹاک سے مقابلے کیلئے یوٹیوب میں بڑی تبدیلی کردی گئی

Published On 04 April,2025 11:42 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک سے مقابلے کے لیے یوٹیوب میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے شارٹس کے لیے ویڈیو ایڈیٹر کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ ٹک ٹاک اور انسٹا گرام ریلز سے زیادہ بہتر طریقے سے مقابلہ کیا جاسکے۔

کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز کو بھی متعارف کرانے کا عندیہ دیا گیا ہے جو کہ آئندہ چند ماہ میں یوٹیوب میں دستیاب ہوں گے۔

شارٹس کے لیے نیا اور پہلے سے بہتر ویڈیو ایڈیٹر صارفین کو باریک ایڈجسٹمنٹس اور ہر کلپ میں زوم اور اسنیپنگ کے ساتھ ایڈٹ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ معمول کے ری ارینج اور فوٹیج ڈیلیٹ کے آپشنز بھی دستیاب ہوں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ آپ میوزک اور ٹیکسٹ کو شارٹس ویڈیوز میں شامل کرسکیں گے جبکہ ایڈیٹنگ کے دوران کسی بھی وقت ویڈیو پریویو دیکھ سکیں گے۔

یوٹیوب نے مزید بتایا کہ آنے والے مہینوں میں ویڈیو ایڈیٹر میں کسی گانے کے ساتھ automatically sync clips کا فیچر بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔