اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں سالانہ 24 سے 25 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرآئی ٹی شزافاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ہماری حکومت صنفی امتیازسے بالاتر ہو کر خواتین کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اسلام آباد کی لڑکیوں کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اہم منصوبے شروع کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ اور سمارٹ فونز خواتین کو تعلیم اور ڈیجیٹل سکلز کے حصول میں مد ددے گی، ڈی جی سکلز پروگرام کے تحت 45 لاکھ افراد کو آن لائن فری لانسنگ ٹریننگ دی جاچکی ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنےا دوار میں نوجوانوں کو 12 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس دیئے، معیشت کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، ہم نے اب تک 3 سمارٹ ویلجز لانچ کیے ہیں۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ اسلام آباد میں بچیوں کے سکول کو سمارٹ سکول میں منتقل کیا، سمارٹ ہیلتھ سینٹر میں 90 فیصد خواتین کا علاج ہوا، اس سال وزیراعظم نے یو ایس ایف کو 23 ارب روپے کا بجٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مستحقین کی امداد کیلئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مدد کی گئی، پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں سالانہ 24 سے 25 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، 37 ملین افراد کو ڈیجیٹل سروسز فراہم کی گئی ہیں۔