مودی سرکار سچ سے ڈر گئی، 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز بھارت میں بند

Published On 28 April,2025 12:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مودی سرکار پاکستانی میڈیا کی جانب سے سچ دکھائے جانے پر ڈر گئی، 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز بھارت میں بند کر دیئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پابندی کی زدمیں آنے والے پلیٹ فارمز میں ڈان نیوز، سماء ٹی وی، اے آر وائی نیوز، بول نیوز، جیو نیوز، جی این این اور دیگر شامل ہیں، پابندی سے بھارت بھر میں تقریباً 63 ملین صارفین متاثر ہوئے ہیں۔

نشانہ بننے والوں میں معروف سابق کرکٹر شعیب اختر بھی شامل ہیں، جن کے ذاتی چینل کے 3.5 ملین سبسکرائبرز ہیں۔

مودی سرکار کا ایجنڈا بھارتی عوام کو سچ سے دور رکھ کر ہندوتوا کو فروغ دینا ہے، بھارتی حکومت نے ان چینلز پر اشتعال انگیز مواد اور جھوٹا بیانیہ پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔

بھارتی وزارت داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ یوٹیوب پلیٹ فارم بھارت،اور اسکی فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف "جھوٹے بیانیے" کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے پاکستانی چینلز پر پابندی پاکستانیوں کی جیت ہے: عطاء تارڑ

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی چینلز پر پابندی پاکستانیوں کی جیت ہے، بھارت بیانیے کی جنگ ہار چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہ سچ سننا چاہتا ہے نہ اس میں صلاحیت ہے، بھارت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 27 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد بھارت نے بنا کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کر دیا۔