بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی ہٹا دی، اکاؤنٹس بحال ہونا شروع

Published On 02 July,2025 10:59 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بھارت میں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور فنکاروں پر عائد کی گئی پابندی اچانک ختم کردی گئی جس کے بعد بھارتی شائقین ایک بار پھر پاکستانی مواد تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جہاں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں لگائی تھیں وہیں فواد خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستانی فنکاروں کی فلموں کی ریلیز بھی روک دی گئی تھی، اس کے باوجود ہانیہ عامر کی فلم دنیا بھر میں کامیاب ریلیز ہوئی تاہم بھارت میں ریلیز نہ ہو سکی۔

اب بھارتی حکومت نے اچانک یہ پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستانی یوٹیوب چینلز کو دوبارہ کھول دیا ہے جس پر بھارتی شائقین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، اگرچہ پابندی کے دوران پاکستانی ڈراموں کی بھارتی ویورشپ میں کمی ہوئی تھی تاہم مقبول ڈرامے مسلسل بھارتی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرتے رہے۔

بھارتی صارفین نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، ایک مداح نے لکھا ہے کہ پہلا قدم دلجیت دوسانجھ نے اٹھایا اب سب ان کے پیچھے چل رہے ہیں، ایک اور صارف نے کہا ہے کہ پابندی ختم ہونا خوش آئند ہے مگر پاکستانی انڈسٹری کو اب اور بہتر مواد پر توجہ دینی چاہیے۔