کیلی فورنیا:(ویب ڈیسک) گوگل نے اے آئی سے چلنے والا ‘اوپل’ نامی ٹول متعارف کرایا ہے جو صارفین کو بغیر کوڈنگ کے صرف عام زبان میں ہدایات دے کر ویب ایپلیکیشنز بنانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ جدید ٹول اس وقت امریکا میں ’ گوگل لیبز‘ کے تحت تجرباتی مرحلے میں دستیاب ہے اور اس کا مقصد ایسے افراد کو ویب ایپ بنانے کے قابل بنانا ہے جو روایتی کوڈنگ نہیں جانتے مگر ایپ بنانا چاہتے ہیں۔
اوپل صارفین کو 2 طریقوں سے ایپ بنانے کی سہولت دیتا ہے، یا تو وہ مکمل طور پر خالی صفحے سے آغاز کریں اور تحریری ہدایات فراہم کریں یا پہلے سے موجود ایپس کی گیلری میں سے کسی ایپ کو منتخب کر کے اپنی ضروریات کے مطابق اسے ڈھال لیں۔
جب کوئی صارف ہدایت دیتا ہے تو گوگل کے اندرونی اے آئی ماڈلز اس ایپ کی ساخت تیار کرتے ہیں اور ایک بصری ورک فلو ظاہر کرتے ہیں جس میں ہر مرحلہ مثلاً ان پٹ، آؤٹ پٹ اور پراسیسنگ نمایاں ہوتا ہے، ہر مرحلے پر کلک کر کے صارف اس کو ایڈٹ بھی کر سکتا ہے جبکہ نئے مراحل ٹول بار کے ذریعے شامل کیے جا سکتے ہیں۔
جب ایپ مکمل ہو جاتی ہے تو اسے آن لائن شائع کیا جا سکتا ہے اور ایک لنک کے ذریعے دوسروں کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے، اوپل گوگل کی اس نئی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عام صارفین اور تخلیقی ذہن رکھنے والے افراد کو ایپ ڈویلپمنٹ میں خودمختار بنانا ہے۔