اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں ایک نیا پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور لکی مروت، جبکہ سندھ کے ضلع عمرکوٹ سے پولیو کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اس تصدیق کے بعد سال 2025 میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی ہے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے، ایسے بچے جو پولیو ویکسین سے محروم رہ جاتے ہیں، نہ صرف خود متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ دیگر بچوں کیلئے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔
این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ پولیو سے بچاؤ صرف بار بار ویکسین پلوانے سے ہی ممکن ہے۔
علاوہ ازیں این ای او سی نے زور دیا کہ والدین پیدائش سے 15 ماہ کی عمر تک اپنے بچوں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں، تاکہ بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔