واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کی وسط مغربی ریاست مشی گن میں ایک بڑے سٹور میں ایک شخص نے چاقو سے وار کر کے کم از کم 11 افراد کو زخمی کر دیا۔
گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے شیرف مائیکل شی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 42 سالہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، یہ حملہ بظاہر ایک اندھا دھند کارروائی تھی، اب تک کی معلومات کے مطابق یہ حملہ کسی ہدف کو نشانہ بنا کر نہیں کیا گیا، متاثرین پہلے سے طے شدہ نہیں تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص مشی گن کا رہائشی ہے، تنہا کام کر رہا تھا اور اس نے ایک جیب میں رکھنے والا چاقو استعمال کیا جو تہہ ہو کر بند ہو جاتا ہے، موقع پر موجود شہریوں نے ملزم پکڑنے میں مدد کی۔
ہیلتھ کیئر ادارے منسن کے مطابق چھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، حملے میں نشانہ بننے والوں میں چھ مرد اور پانچ خواتین شامل ہیں۔
مشی گن کی گورنر گریچن ویٹمر نے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں، ہماری دعائیں متاثرین اور اس کمیونٹی کے ساتھ ہیں جو اس ہولناک واقعہ سے متاثر ہوئی۔
عینی شاہدہ جولیا مارٹیل نے بتایا کہ انہوں نے چیخ و پکار سنی اور دیکھا کہ ایک شخص چاقو لے کر سٹور کے فارمیسی سیکشن میں دوڑ رہا ہے، وہ شخص لوگوں کو دھکیلتا اور چاقو سے وار کرتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا، انہوں نے تین افراد کو چاقو کے زخموں کے ساتھ دیکھا اور ہر طرف خون بکھرا ہوا تھا۔