نیپال حکومت کا میٹا، انسٹا گرام، یوٹیوب اور ایکس بند کرنے کا اعلان

Published On 05 September,2025 04:59 pm

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک ) نیپال کی حکومت نے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک(میٹا)، انسٹاگرام، یوٹیوب اور ایکس تک رسائی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں نے لازمی رجسٹریشن کے تقاضے پورے نہیں کیے۔

وزارتِ مواصلات کے ترجمان گجیندرا کمار ٹھاکر کے مطابق جن پلیٹ فارمز نے رجسٹریشن نہیں کرائی، ان کی سروسز فوری طور پر بند کر دی جائیں گی، حکومت نے ان کمپنیوں کو مقامی نمائندہ اور شکایات کے ازالے کے لیے رابطہ کار مقرر کرنے کی ہدایت دی تھی۔

 وزیرِ مواصلات پرتھوی سبا گرونگ نے کہا کہ کمپنیوں کو بار بار موقع دیا گیا مگر انہوں نے تعاون نہیں کیا، جس کے بعد یہ قدم اٹھانا پڑا۔

خیال رہے نیپال میں ابھی صرف چند پلیٹ فارمز جیسے ٹک ٹاک اور وائبر نے رجسٹریشن مکمل کی ہے جبکہ باقی کمپنیوں نے حکم نظر انداز کیا۔