اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں عدالتی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور ای آفس سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، سپریم کورٹ میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔
تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور سپریم کورٹ کے ججز نے شرکت کی، جسٹس علی باقر نجفی لاہور سے آن لائن تقریب میں شریک ہوئے۔
ایم او یو کے تحت عدلیہ کے لیے جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا جائے گا، ڈیش بورڈ مقدمات کے نمٹانے کی شرح اور زیر التواء کیسز کی ریئل ٹائم نگرانی کرے گا۔
عدالتی ڈیٹا کو یکجا کر کے پالیسی سازی اور کارکردگی پر مبنی اصلاحات ممکن بنیں گی، ای آفس سسٹم کے ذریعے سپریم کورٹ میں فائلوں اور دفتری امور کو ڈیجیٹل کیا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کے لیے جدید کیس مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، اصلاحات عدالتی نظام کو مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنائیں گی۔