ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی کمپنی نے شاندار فیچرز کیساتھ انسانی واشنگ مشین متعارف کروا دی جس میں نہانے کیلئے انسان کو انگلی تک نہیں ہلانی پڑتی۔
سردی کے موسم میں ہر کوئی نہانے سے جھجھکتا اور اس عمل کو مصیبت سمجھتا ہے، تاہم جاپانی کمپنی سائنس کارپوریشن نے ’’انسانی واشنگ مشین‘‘ ایجاد کر کے نہانے کی اس مشکل کا حل نکال لیا ہے۔
انسانی واشنگ مشین کے گرم ماحول میں بند ہو کر انسان کو انگلی تک نہیں ہلانی پڑتی، مشینی آلات جسم پر پانی ڈالتے، صابن لگاتے اور میل کچیل کو خود کار طریقے سے دور کرتے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ یہ مشین انسان کے من پسند گانے بھی سناتی ہے۔
یہ شاندار مشین 15 منٹ میں انسان کو صاف ستھرا کر کے باہر نکال دیتی ہے، جاپان میں کئی حمام و ہوٹل یہ انوکھی مشین نصب کر چکے ہیں، کمپنی کے بقول واشنگ مشین انسان کو ’’جسمانی و روحانی‘‘ دونوں لحاظ سے پاک صاف کرتی ہے۔



