اسلام آباد میں سائبر سکیورٹی آگاہی ویک کا انعقاد، شہریوں کو آن لائن خطرات سے بچاؤ کی تربیت

Published On 19 December,2025 09:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں سائبر سکیورٹی آگاہی ویک کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد عوام کو ڈیجیٹل دنیا میں درپیش خطرات سے آگاہ کرنا اور یہ باور کرانا تھا کہ معمولی سی غفلت بھی بڑے نقصانات کا سبب بن سکتی ہے۔

آگاہی مہم کے دوران شہریوں، خصوصاً نوجوانوں کو آن لائن فراڈ، ہیکنگ، ڈیٹا چوری اور سائبر حملوں سے بچاؤ کے مؤثر طریقے سکھائے گئے، ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل سروسز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ساتھ سائبر سکیورٹی خطرات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ جعلی لنکس، فشنگ ای میلز، سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ہیکنگ اور مالی فراڈ اب عام مسائل بنتے جا رہے ہیں، ایسے میں سائبر سکیورٹی آگاہی ویک جیسے اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

ماہرین نے زور دیا کہ پاکستان اس وقت سائبر سکیورٹی خطرات سے محفوظ رہ سکتا ہے جب ہر شہری اپنی ڈیجیٹل ذمہ داری کو سمجھے، مضبوط پاسورڈز کا استعمال، مشکوک لنکس پر کلک نہ کرنا، ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز اور سوشل میڈیا پر پرائیویسی سیٹنگز کو بہتر بنانا بنیادی مگر مؤثر حفاظتی اقدامات ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ماہرین نے کہا کہ سائبر سکیورٹی صرف اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ عام صارف بھی اس کی پہلی دفاعی لائن ہے، حکومت، تعلیمی اداروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کو مل کر ایسی آگاہی مہمات کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کی جانب بڑھ سکے۔