لاہور (نیٹ نیوز ) تھائی لینڈ میں روایتی ہاتھی پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں مجموعی طور پر دس ٹیمیں شریک تھیں، ہاتھیوں کی پولو بھی بالکل گھوڑوں.کی پولو کی طرح کھیلی جاتی ہے، سفید بال کو حریف ٹیم کے گول تک لانا ہوتا ہے، گھوڑوں کی پولو کے برعکس اس میں میدان چھوٹا، ہاکیاں لمبی اور کھیل کا دورانیہ کم ہوتا ہے۔
ٹورنامنٹ میں بیس ہاتھی حصہ لیتے ہیں اور یہ سب ہی مادہ ہاتھی ہوتے ہیں۔ ان کی تربیت خاص طور پر اس کھیل کیلئے کی جاتی ہے۔ ہر ہاتھی کے اوپر دو کھلاڑی سوار ہوتے ہیں، یہ پولو خواتین اور مرد دونوں ہی کھیل سکتے ہیں۔ خواتین کو دو سے تین میٹر لمبی ہاکی اور دونوں ہاتھ استعمال کرنے کی اجازت ہے اس کے برعکس مرد کھلاڑی صرف ایک ہاتھ استعمال کر سکتے ہیں۔
ہر میچ کے آغاز اور اختتام پر ہاتھیوں کو ان کا پسندیدہ کھانا کھلایا جاتا ہے، دوسری طرف جانوروں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیمیں اس کھیل کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ ان کے مطابق ہاتھی اس کھیل کیلئے غیر موزوں ہیں۔