اسرائیل میں جاپانی وزیراعظم کو جوتے میں میٹھا پیش کردیا گیا

Last Updated On 09 May,2018 06:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اسرائیل میں جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کو جوتے میں میٹھا پیش کرنے پر جاپان میں تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جاپانی تہذیب میں جوتے کو انتہائی ہتک آمیز تصور کیا جاتا ہے. ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بحث جاری ہے کہ یہ جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے سے ہتک آمیز رویہ تھا یا جدت تھی۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں میٹھا جوتے میں پیش کیا گیا۔ عشائیے کی تصویر میڈیا میں آئی تو جاپان میں تنازع کھڑا ہو گیا۔

دو مئی کو وزیر اعظم ایبے اور ان کی اہلیہ کو اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ نتن یاہو نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر عشائیے پر مدعو کیا اور انہیں ڈیزرٹ جوتے میں پیش کیے گئے۔ یہ جوتا دھات سے بنا برتن تھا اور اس میں منتخب چاکلیٹ رکھے گئے تھے۔ وزیراعظم ایبے نے تو چاکلیٹ بغیر ہچکچاہٹ کے کھا لیا لیکن جاپانیوں کو یہ بات پسند نہیں آئی۔ ایک جاپانی سفیر نے اسے انتہائی احمقانہ قرار دیا ہے۔