نئی دہلی(نیٹ نیوز ) پرانے زمانے میں دولہا اپنی دلہن کو ڈولی میں بٹھا کر اپنے گھر لاتا تھا لیکن زمانہ بدلا تو یہ انداز بھی بدل گیا۔ اب دلہن کو سجی سنوری کار میں بٹھا کر لایا جاتا ہے لیکن ایک بھارتی دولہا تو اس سے بھی آگے نکل گیا اور وہ اپنی دلہن کو ایک ایسی چیز پر بٹھا کر لے آیا کہ جس پر دلہن تو کیا کوئی بھی انسان شاید ہی کبھی بیٹھا ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ انوکھا منظر پتور شہر کے گاؤں سنتیار سے تعلق رکھنے والے نوجوان چیتن کی شادی کے موقع پر دیکھنے کو ملا جو اپنی دلہن کو کسی خوبصورت کار میں بٹھا کر لانے کے بجائے مٹی کھودنے والے بلڈوزر کے اگلے حصے پر بٹھا کر اپنے گھر لایا ،
وہ اپنی دلہن کو اسی طرح لیکر اپنے گاؤں پہنچا جہاں لوگوں کو پہلے ہی خبر ہو چکی تھی کہ نئی دلہن بہت انوکھے انداز میں آ رہی ہے ۔
گاؤں کے باہر ہی سینکڑوں لوگ اس جوڑے کے استقبال کیلئے موجود تھے جنہوں نے خوب خوشی کا اظہار کیا اور جوڑے کیساتھ تصاویر بھی بناتے رہے، جلد ہی اس انوکھی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر عام ہو گئیں جس کے بعد متعدد ٹی وی چینلز پر بھی یہ دلچسپ مناظر دکھائے گئے۔