لبنان (نیٹ نیوز ) لبنان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر خود کو طلال بن سلطان کے نام سے شاہی خاندان کا فرد ظاہر کرنے والا شخص ایک بہروپیا ہے۔
اس بہروپیے نے سوشل میڈیا پر اپنی بعض تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ خود کو ایک سعودی سفارت کار کے طور پر متعارف کرا رہا ہے۔اس کو مختلف شخصیات سے ملتے اور تقریبات میں شریک دیکھا جاسکتا ہے۔
سعودی سفارت خانے نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بدھ کو پوسٹ کیے گئے بیان میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ کوئی نامعلوم شخص ہے ۔اس کا شہزادہ سلطان بن
عبدالعزیز مرحوم سے کوئی تعلق ہے اور نہ ان کا یہ کوئی بیٹا ہے لہٰذا اس شخص کے ساتھ کوئی معاملہ،کوئی لین دین نہ کیا جائے‘‘۔
’’سفارت خانے نے اس بہروپیے کو سزا دلانے کے لیے قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔اس کی حقیقی شناخت ظاہر کرنے ، جعلی نام استعمال کرنے اور بہروپ بدلنے کے پیچھے مذموم مقاصد کو منظر عام پر لانے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں’’۔