لاہور(نیٹ نیوز) آپ نے کافی آرٹ کی بے شمار اقسام دیکھی ہونگی جو پاکستان سمیت مختلف ممالک میں کی جاتی ہیں تاہم جنوبی کوریا کے اس فنکار کا کافی آرٹ دیکھ کر آپ حیران رہ جائینگے جو بیحد انوکھا ہے۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کا رہائشی لی کنگ بن کافی کے کپ میں معروف مصوروں کے منی ایچر شاہکاروں کی نقل تخلیق کر تا ہے جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔ معروف مصور وان گوگ کی شہرہ آفاق پینٹنگ ’’ستاروں بھری رات‘‘ اور مصور ایڈورڈ منچ کی پینٹنگ ’’چیخ ‘‘ کو وہ کافی کے کپ میں اپنی مہارت سے تخلیق کرتا ہے۔
صرف 15 منٹ میں تیار کئے جانیوالے ایک کافی کے کپ کی قیمت 10 ہزار وان (کورین کرنسی) ہے جسے خریدنے کیلئے شائقین کی ایک لمبی قطار موجود رہتی ہے۔ لی کنگ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں وہ شوقیہ طور پر اپنی کافی میں کریم اور جھاگ کو مختلف انداز سے ترتیب دیا کرتا تھا۔ بعد ازاں اسے یہ کام اتنا پسند آیا کہ وہ ایک کافی مشین خرید کر گھر لے آیا اور تجارتی بنیادوں پر یہ کام شروع کر دیا۔
کافی خریدنے والے افراد لی سے اپنی پسند کے مصوروں کی پینٹنگ بنانے کی بھی فرمائش کرتے ہیں۔ پینٹنگ کیساتھ ساتھ لی مختلف کارٹون کرداروں اور مناظر کو بھی کافی پر تخلیق کرتا ہے۔