مسافر کی تلاشی کے دوران کمپیوٹر ہارڈ ڈسک سے اژدھا برآمد

Last Updated On 13 July,2018 09:36 am

میامی: (روزنامہ دنیا) میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان میں موجود ہارڈ ڈسک سے ایک کم عمر اژدھا برآمد ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بارباڈوس جانے والے ایک مسافر کے سامان کی چیکنگ کے دوران کسٹم اہلکار کو کسی مشکوک چیز کی موجودگی کا شک گزرا جس پر بم ڈسپوزل اہلکار کو بلایا گیا جس نے سامان کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد اژدھا برآمد کرلیا۔

ایئرپورٹ کی ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ساری کوشیٹز نے میڈیا کو بتایا کہ مسافر کے سامان میں کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک موجود تھی جب اسے کھولا گیا تو اس کے اندر تھیلی میں بند ایک زندہ اژدھا چھپایا گیا تھا۔ اژدھے کو وائلڈ لائف محکمے کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ اژدھے کی برآمدگی کے بعد مسافر کو پرواز سے روک دیا گیا اور ممنوعہ چیز بغیر اطلاع دیئے لے جانے پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تاہم حکام کی جانب سے مسافر کا نام خفیہ رکھا جا رہا ہے۔