زندہ چیونٹیوں کو قید کرنے کے نیل آرٹ پر کڑی تنقید

Last Updated On 01 September,2018 10:57 am

ماسکو: (روزنامہ دنیا) ماسکو کے نیل سنی بیوٹی سیلون نے خواتین کیلئے ایسے کھوکھلے مگر شفاف مصنوعی ناخن بنائے ہیں جنہیں وہ اپنے اصل ناخنوں سے جوڑ سکتی ہیں۔

اس کے اندر سیلون والوں نے زندہ چیونٹیاں ڈال دی ہیں جو اندر گھومتی رہتی ہیں۔ اس کے بعد خواتین اور خود سیلون والوں نے بھی سوشل میڈیا پر چیونٹی بھرے ناخنوں کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرنا شروع کر دیں۔ سیلون والوں نے بڑے فخر سے انہیں اپنی جدت قرار دیا لیکن معاملہ الٹا ہوگیا اور سیلون کے 18 لاکھ فالوورز کی اکثریت نے اس عمل پر شدید تنقید شروع کر دی۔ 

کئی افراد نے اسے بے زبان جانوروں سے زیادتی قرار دیا اور کہا انہیں ناخنوں میں بند کرکے کونسی خوشی محسوس ہوسکتی ہے ؟ ایک اور صارف نے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔ اس کے بعد سیلون والوں کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے کہا چیونٹیوں کو ناخنوں سے نکال کر چھوڑ دیا گیا ہے تاکہ وہ سانس لے سکیں۔ اس کے باوجود بھی لوگوں کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا اور اس عمل پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید جاری ہے۔