کویت: مچھلی کو نقلی آنکھیں لگا کر بیچنے والا تاجر گرفتار

Last Updated On 05 September,2018 05:27 pm

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت میں مچھلیوں کو تازہ دکھانے کے لیے اُن پر نقلی آنکھیں لگانے والے مچھلی فروش کو گرفتار کر کے دکان بند کردی گئی۔ تاجر مچھلیوں کو تازہ دکھانے کے لیے دکاندار مچھلی پر نقلی آنکھیں لگا دیتا تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جعل ساز مچھلی فروش کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب ایک گاہک نے مچھلی کو دھویا تو جعلی آنکھیں پانی میں بہہ گئیں۔ کویتی شخص نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جس کا نوٹس لیتے ہوئے کویتی پولیس نے مچھلی فروش کو حراست میں لے لیا اور دکان سیل کردی۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی اور صارفین نے دھوکے باز مچھلی فروش کی مذمت کی۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ مچھلی کی تازگی کو جانچنے کے لیے صرف آنکھوں کی جانچ کافی نہیں، جعل ساز تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو گاہکوں سے اپنی اشیا کے نہیں بلکہ جعل سازی کی صلاحیت کے پیسے بٹورتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر بھی شیئر کی گئیں جن میں مردہ مچھلی کی ایک آنکھ اصلی جب کہ دوسری آنکھ جعلی ہے۔ جعل ساز مچھلی فروش کے حریفوں نے اس کے ردعمل میں تازہ مچھلیوں کی تشہیر شروع کر دی ہے اور اپنی فروخت میں ’کاسمیٹکس کے بغیر مچھلی خریدیں‘ کے الفاظ شامل کیے ہیں۔