سکھر: (دنیا نیوز) سول ہسپتال سکھر کی انتظامیہ نے سامان کی سپلائی کا انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا، لوڈر رکشہ وارڈز میں ادھر سے اُدھر گھومتا رہا، شور اور دھویں نے علاج کیلئے داخل مریضوں کو جہاں اذیت میں مبتلا کئے رکھا وہاں لواحقین بھی پریشانی کا شکار نظر آئے۔
سکھر سول ہسپتال انتظامیہ نے وارڈز جہاں عام حالات میں مریضوں کے آنے جانے کیلئے مشکل سے راستہ ملتا ہے سامان سے بھرا رکشہ دوڑا دیا، رکشہ مختلف وارڈز میں ادھر سے اُدھر گھومتا رہا، اس دوران رکشے کے بے ہنگم شور نے علاج کیلئے داخل مریضوں کے ناک میں دم کئے رکھا تو دوسری جانب رکشے سے نکلنے والا غلیظ دھواں رکشہ گزرنے کے باوجود کافی دیر تک مریضوں اور لواحقین کیلئے اذیت کا باعث بنا رہا۔
واقعے کے دوران ڈاکٹرز جو مریضوں کے علاج کے علاوہ انکے لئے آرام دہ ماحول یقینی بنانے کے بھی ذمہ دار ہوتے ہیں رکشے والے کو روکنے کی بجائے قریب سے گزرتے رہے اور ہسپتال کا ماحول خراب ہونے سے بچانے میں عاری نظر آئے، اس تمام صورتحال سے ہسپتال کے انتظامی حکام کی عملداری پر بھی سوال اٹھتا ہے جو اس دوران کہیں نظر نہیں آئے اور رکشہ وارڈز میں دندناتا رہا۔