فلوریڈا: (روزنامہ دنیا) امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک سال کی بچی نے سوئمنگ کر کے سب کو حیران کر دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
کاسیا کی والدہ گریس فنیلی کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی جب 9 ماہ کی تھی تو اس نے سوئمنگ کلاسز لینا شروع کردی تھی اور اب وہ بغیر کسی مدد کے مہارت سے تیراکی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ عام طور پر پانچ سال سے کم عمر بچے اس طرح تیراکی کرتے ہوئے اکثر زخمی ہو جاتے ہیں یا پھر ان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔
کاسیا کی والدہ کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو اس طرح کی تربیت دیں تاکہ وہ تیراکی کے شعبے میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔ انکا کہنا تھا ان کی بڑی بیٹی بھی تیراکی کی تربیت حاصل کر رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ویڈیو انکی چھوٹی بیٹی کاسیا کی ہے۔
گریس فنیلی کے مطابق ان کی دو بیٹیاں ہیں اور دونوں ہی تیراکی کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا میری خواہش تھی کہ میری بچیاں تیراک بنیں اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ وہ میری خواہش کو پورا کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔