قد کے برابر لمبے بال، گجراتی لڑکی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں‌ شامل‌

Last Updated On 27 December,2018 12:32 pm

گجرات: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کی رہائشی ایک لڑکی کے غیر معمولی لمبے بالوں کے باعث اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کر لیا گیا۔ 16 سالہ نیلانشی پاٹل کے بالوں کی لمبائی اس کے قد کے برابر 5 فٹ 7 انچ ہے۔

بچپن سے ہم کہانیوں میں ریپونزل نامی شہزادی کی کہانی پڑھتے آئے ہیں، جسے ایک جادوگرنی بچپن میں شاہی محل سے اٹھا کر لے جاتی ہے اور ایک بلند ٹاور میں قید کر دیتی ہے۔ سولہ سالہ نیلانشی پاٹل کے بالوں کی لمبائی بھی عام لڑکیوں کے مقابلے کافی زیادہ ہے۔ اس فیری ٹیل کی خصوصی بات شہزادی ریپونزل کے نہایت لمبے سنہرے بال ہوتے ہیں جس کے ذریعے وہ بلند ٹاور سے نیچے اترتی ہے۔

تاہم، اب ایسا لگتا ہے کہ یہ کہانی سچ ہو گئی ہو، بھارتی گجرات کی ایک 16 سالہ لڑکی نیلانشی پاٹل کو اس کے نہایت لمبے بالوں کی وجہ سے گنیز بک میں شامل کر دیا گیا ہے، جس کے بالوں کی لمبائی 5 فٹ اور 7 انچ ہے۔ نیلانشی نے بتایا کہ اس نے چھ سال کی عمر سے بال کاٹنے بند کر دیے تھے، ایک بار کٹنگ خراب ہوگئی تھی جس کے بعد سے اس نے فیصلہ کر لیا کہ اب کبھی بال نہیں کٹوائے گی۔

 

نیلانشی نے بتایا کہ اسے لمبے بالوں کی وجہ سے اس کی سہیلیاں ریپونزل کہتی ہیں، اور وہ اپنے بال ہفتے میں ایک بار دھوتی ہے، بالوں کو کنگی کرنے اور چوٹی بنانے میں اس کی ماں مدد کرتی ہے کیوں کہ اکیلے ایسا ممکن نہیں ہوتا۔ نیلانشی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ان بالوں کے ساتھ مجھے بہت مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہوگا، لیکن ایسا نہیں ہے، میں ان بالوں کے ساتھ سبھی کچھ کرتی ہوں، ٹیبل ٹینس بھی کھیلتی ہوں۔